کولکاتا گودام حادثہ: ہلاکتوں کی تعداد 11 ہوئی، دوسرے روز بھی ملبے تلے پھنسے مزدوروں کو نکالنے کی کارروائی جاری
کولکاتا کے تاراتلہ علاقے میں زیرِ تعمیر گودام کی چھت گرنے کے المناک حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 11 ہو گئی ہے، جبکہ 20 افراد زخمی ہیں۔ بدھ کو پیش آنے والے اس حادثے کے بعد جمعرات کو بھی ملبے میں پھنسے مزدوروں کو نکالنے کے لیے بڑے پیمانے پر بچاؤ کارروائی جاری رہی، تاہم شدید بارش اور آسمانی بجلی کے باعث امدادی کام متاثر ہوئے۔
حادثہ ایک 3 منزلہ زیرِ تعمیر گودام میں پیش آیا، جہاں چائے کے گودام کی تعمیر کا کام جاری تھا۔ حادثے کے وقت تقریباً 40 مزدور عمارت میں کام کر رہے تھے کہ اچانک اس کی چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں متعدد مزدور ملبے تلے دب گئے۔ امدادی ٹیموں نے کئی افراد کو زندہ نکال لیا، تاہم اب تک 11 مزدوروں کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے۔




