سنجے راؤت نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ کو بارش میں رین کوٹ پہن کر ممبئی کا دورہ کرنا چاہیے تاکہ انہیں شہر کی حقیقی حالت کا اندازہ ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ترقی کے بڑے بڑے دعوے کرتی ہے، لیکن زمینی حقیقت یہ ہے کہ بنیادی ڈھانچہ شدید بارش کے سامنے بے بس دکھائی دے رہا ہے۔ انہوں نے ممبئی۔پونے مسنگ لنک منصوبے کا حوالہ دیتے ہوئے الزام لگایا کہ وہاں صرف گڑھے ہی نہیں بلکہ کئی مقامات پر ڈھانچہ بھی متاثر ہوا ہے، جو بدعنوانی اور کمیشن خوری کا نتیجہ ہے۔
راؤت نے حکومت پر یہ بھی الزام عائد کیا کہ سرکاری منصوبوں میں ٹھیکیداروں کو غیر معمولی فائدہ پہنچایا جا رہا ہے اور عوامی وسائل کا غلط استعمال ہو رہا ہے۔ انہوں نے برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن میں گزشتہ ساڑھے چار برس کے انتظامی دور پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ میٹھی ندی کی صفائی سمیت کئی منصوبوں میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کے الزامات سامنے آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ماضی کی حکومتوں پر تنقید کرنے کے بجائے اپنی کارکردگی کا حساب دے۔




