وائناڈ میں قبائلی یونیورسٹی، میڈیکل کالج اور ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام ہوگا: پرینکا گاندھی
پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’میں سمجھتی ہوں کہ آپ کی ثقافت، روایات، زبانیں اور تہوار محفوظ اور برقرار رہنے چاہئیں۔ اسی مقصد کے تحت ہم ان کے تحفظ اور فروغ کے لیے ہر ممکن کوشش کرنا چاہتے ہیں۔‘‘
کانگریس جنرل سکریٹری اور وائناڈ سے رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی کیرالہ دورہ پر ہیں، جہاں انھوں نے آج مختلف تقاریب میں شرکت کی۔ اس دوران انھوں نے خوشخبری سنائی کہ کیرالہ حکومت نے وائناڈ میں خصوصی طور پر قبائلی برادری کے لیے ایک یونیورسٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ادارہ مستقبل میں ایک ایسا تعلیمی مرکز بنے گا جس کی مثال پورا ملک دے گا۔
وائناڈ میں ایک عوامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ قبائلی برادری کی ثقافت، روایات، زبانوں اور تہواروں کا تحفظ انتہائی ضروری ہے۔ مجوزہ قبائلی یونیورسٹی کے ذریعہ نہ صرف اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کیے جائیں گے بلکہ مقامی ثقافت اور روایتی ورثے کو محفوظ رکھنے کی بھی بھرپور کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’میں سمجھتی ہوں کہ آپ کی ثقافت، روایات، زبانیں اور تہوار محفوظ اور برقرار رہنے چاہئیں۔ اسی مقصد کے تحت ہم ان کے تحفظ اور فروغ کے لیے ہر ممکن کوشش کرنا چاہتے ہیں۔‘‘
اس سے قبل ایک میڈیا اہلکار سے بات کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے انسان اور جنگلی جانوروں کے درمیان بڑھتے ہوئے تنازعہ پر اپنی فکر ظاہر کی۔ انھوں نے کہا کہ انسان اور جنگلی جانوروں کے درمیان بڑھتا تنازعہ ایک بڑا اور پیچیدہ مسئلہ ہے۔ اس مسئلہ کا فوری حل ممکن نہیں، تاہم حکومت اور متعلقہ ادارے اس کے تدارک کے لیے مسلسل اقدامات کر رہے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ محکمہ جنگلات کے ساتھ مل کر کام کیا جا رہا ہے اور اب تک 3 ریپڈ ریسپانس ٹیمیں (آر آر ٹی) فراہم کی جا چکی ہیں۔ اس کے علاوہ مزید ساز و سامان، ڈرون اور دیگر ضروری وسائل فراہم کرنے کی بھی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چونکہ یہ ایک پیچیدہ مسئلہ ہے، اس لیے اس کے حل کے لیے تمام فریقوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ وہ یہ بھی کہتی ہیں کہ مختلف طبقات کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ مؤثر اقدامات نافذ کیے جا سکیں۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ ریاست میں اپنی حکومت ہونے کی وجہ سے اب ان مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کے نفاذ میں مزید تیزی آئے گی۔
کانگریس رکن پارلیمنٹ نے وائناڈ کی مجموعی ترقی کے حوالے سے بھی اپنی ترجیحات بیان کیں۔ ایک صحافی سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ علاقے کی ترقی کے لیے متعدد تجاویز تیار کی گئی ہیں اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ تفصیلی صلاح و مشورہ کیا گیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ وائناڈ میں میڈیکل کالج، قبائلی یونیورسٹی اور سڑکوں کے کئی اہم منصوبے گزشتہ حکومت کے دور میں تعطل کا شکار رہے تھے، لیکن موجودہ حکومت ان تمام رکے ہوئے منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
پرینکا گاندھی نے وائناڈ کی ترقی کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم چاہتے ہیں تمام زیر التوا منصوبوں کی رکاوٹیں دور کر کے انھیں تیزی کے ساتھ آگے بڑھایا جائے تاکہ وائناڈ کے عوام کو ترقی اور بہتر بنیادی سہولتوں کا فائدہ مل سکے۔‘‘ انھوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ حکومت اور عوام کے باہمی تعاون سے وائناڈ میں تعلیم، صحت، بنیادی ڈھانچے اور قبائلی فلاح و بہبود کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت ہوگی اور خطے کی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔





