پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی: کھڑگے کا مودی حکومت پر حملہ، کہا- ’غلط پالیسیوں سے ہندوستان کی عالمی ساکھ متاثر‘
ملکارجن کھڑگے نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر ایک تفصیلی پوسٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی کے سن 2018 کے اس بیان کا حوالہ دیا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ بیرون ملک سفر کرنے والے اور وہاں مقیم لوگ آج ہندوستانی پاسپورٹ کی طاقت اور عزت کو بخوبی جانتے ہیں۔ کھڑگے نے سوال کیا کہ اگر ایسا ہے تو اس طاقت کا عملی اظہار کہاں دکھائی دیتا ہے، کیونکہ دستیاب اعداد و شمار حکومت کے دعووں کی تائید نہیں کرتے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایک عالمی پاسپورٹ درجہ بندی کے مطابق سن 2013 میں ہندوستان چوہترویں مقام پر تھا، لیکن جون 2026 تک اس کی درجہ بندی گر کر اسیویں مقام پر پہنچ گئی۔ ان کے مطابق ایک دوسرے عالمی پاسپورٹ اشاریے میں سن 2026 کے لیے ہندوستان کو ایک سو پچیسواں مقام دیا گیا ہے، جو ملک کی بین الاقوامی حیثیت کے لیے تشویش کا باعث ہے۔




