مہاراشٹر میں مسلسل ہو رہی شدید بارش نے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ ممبئی اور اس کے نواحی علاقوں میں کئی مقامات پر پانی جمع ہونے، ٹریفک کی روانی متاثر ہونے اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات کے بعد حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ایک دوسرے پر الزامات اور جوابی بیانات کا سلسلہ بھی تیز ہو گیا ہے۔
کانگریس کے سینئر رہنما نانا پٹولے نے حالیہ صورتحال اور ’مسنگ لنک‘ منصوبے کے قریب پیش آئے لینڈ سلائیڈنگ کے واقعے میں انسانی جانوں کے نقصان پر ریاستی حکومت سے جواب دہی کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے اراکین اسمبلی نے اسے قدرتی آفت قرار دیتے ہوئے عوام سے احتیاط برتنے اور انتظامیہ سے تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔




